مہاراشٹرا سکریٹریٹ کے ملازمین کا احتجاج

ڈپٹی سکریٹری پر حملہ آور ایم ایل اے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ممبئی ۔ 30 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی سکریٹریٹ (منترالیہ) میں برسرکار ملازمین نے آج دوسرے دن بھی ایک آزاد رکن اسمبلی کی جانب سے ایک ڈپٹی سکریٹری پر حملہ کے خلاف ’’قلم رکھ دو‘‘ احتجاج جاری رکھا اور یہ مطالبہ کیا کہ رکن اسمبلی کے خلاف فیالفور کارروائی کی جائے۔ سکریٹریٹ ایمپلائیز نے کل واقعہ کے خلاف اچانک کل سے احتجاج شروع کردیا ہے اور رکن اسمبلی اچھالہ پور بچوپوکاڈو کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دریں اثناء وز یر مالگزاری مسٹر ایکناتھ کاڈسے نے یہ اعلان کیا کہ مبینہ حملہ کے واقعہ کی چیف سکریٹری کے  ذریعہ تحقیقات کروائی جائیں، جن کی رپورٹ وصول ہونے کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی ۔ رکن اسمبلی کاڈو جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں کل ڈپٹی سکریٹری گاویٹ سے ملاقات کیلئے ایک کلرک اشوک  جادھو کے ساتھ پہنچے اور یہ اصرار کیا ہے کہ جادھو کو سرکاری کوارٹرس میں مزید قیام کی اجازت دیدی جائے جو کہ قواعد کے خلاف ہے ۔ مذکورہ آفیسر نے رکن اسمبلی کی نمائندگی کو قبول کرنے سے انکار کر دیا جس پر غصہ میں بے قابو کاڈو نے گالی گلوج کرتے ہوئے ڈپٹی سکریٹری کے سرپر ایک وزنی شئے مار پھینکا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکریٹریٹ کے ملازمین نے کل سے قلم رکھ دو احتجا کردیا جبکہ رکن ا سمبلی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک ایسے عہدیدار کی طرفداری کر رہی ہے جو کہ عوام کو ہراساں کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ کام عام آدمی کیلئے کیا ہے اور میری بجائے قصوروار عہدیدار کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ضلع امراوتی میں حلقہ اسمبلی اچھوچھل پور سے 3 مرتبہ منتخب کاڈو نے قبل ازیں بھی منترالیہ میں ایک کلرک پر احکامات جاری کرنے سے انکار پر حملہ کردیا تھا۔