مہاراشٹرا، گجرات اور اڈیشہ میں موسم کی شدید ترین بارش

ناسک / احمد آباد / اڈیشہ ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں اڈیشہ کے کئی علاقے بھی اس کی زد میں ہیں۔ بھوانی پٹنہ میں 102 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ جھارسو گوڈا ، کوراپٹ، تتلا گڑھ ، کیونجھار، بالا سور اور گوپال پور میں 30 تا 46 ملی میٹر بارش ہونے کی اطلاع ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج اور چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ دوسری طرف مہاراشٹرا کے شہر ناسک سے ملنے والی خبروں کے مطابق گزشتہ تین دنوں سے جاری ریکارڈ بارش نے عوامی زندگی کو درہم برہم کردیا ہے جہاں صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 862.70 ملی میٹر بارش کی گئی ہے ۔ گنگا پورڈیم کے علاقہ میں ہوئی بارش سے پانی کی سطح میں 57 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا ۔ مہاراشٹرا کے ہی ضلع تھانے میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے

جہاں کلوا کی نئی شیواجی نگر جھیل میں ایک لڑکا اس وقت غرقاب ہوگیا جب وہ اپنے دوستوں کے ستاھ وہ تیراکی کیلئے پہنچا تھا جبکہ سنجے گاندھی نگر میں ایک عوامی بیت الخلاء کی دیوار منہدم ہوگئی ۔ جھیل میں غرقاب لڑکے کی نعش ہنوز دستیاب نہیں ہوئی ہے ۔ تھانے کے 50 مواضعات کا تحصیل ہیڈ کوارٹرس سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ آمد و رفت کے لئے اہم سمجھے جانے والے دوپل زیر آب آچکے ہیں۔ مریاد اور پالگھر تعلقہ کے 50 مواضعات زیر آب ہیں اور وہاں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ جو علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ان میں پالگھرہ وسٹی ، دہانو اور وکرم گڑھ کے نام قابل ذکر ہیں۔ گجرات کے شہر احمد اباد میں 210 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کی ریل ٹرافک اور طیاروں کی پروازیں متاثر ہوئیں۔ شہر کے تقریباً 51 اہم مقامات پر نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے سے سڑ ک ٹرافک شدید طور پر متاثر ہوا جہاں ٹرافک جام نے ہزاروں لوگوں کو مشکلات میں ڈال دیا ۔ خصوصی طور پر دفاتر جانے والے اور اسکول و کالج جانے والے طلباء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن شدید بارش کی وجہ سے شہر کے کچھ اسکولس میں تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا ۔ نوساری اور ولساڈ میں بھی شدید بارش ہوئی جبکہ وسطی گجرات کے آنند ، کھیڑا اور وڈودرہ مکیں بھی 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔