مہاتما گاندھی کی برسی پر عام آدمی پارٹی کارکنوں کی جاروب کشی

ناسک 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کارکنوں نے پارٹی کا انتخابی نشان جھاڑو اُٹھالیا اور مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر ناسک کی سڑکوں پر جھاڑو دی۔ بابائے قوم کی 66 ویں برسی پر اُن کے مجسمہ کی گلپوشی کرنے کے بجائے کارکنوں نے ناسک کی سڑکوں پر صفائی کی۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر جیتندر دھاوے نے کہاکہ بس اسٹانڈ کینٹین کے احاطہ کو صاف نہیں کیا جاسکا۔ کیونکہ ہوٹل کے مالکوں نے وہاں کچرے کا ڈھیر جمع کر رکھا ہے اور اِس کی صفائی کے لئے مشین ضروری ہے۔ کارکنوں نے عوام سے ردّی اخبار اور رسالے بھی حاصل کئے تاکہ اِنھیں فروخت کرکے پارٹی کے لئے مالیہ حاصل کیا جاسکے۔

بھلر کی سزائے موت ملتوی
نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے خالصستانی دہشت گرد دیویندر پال سنگھ بھلر کی سزائے موت پر تعمیل ملتوی کردی اور 1993 ء کے دہلی بم دھماکے کے مجرم کی درخواست کو مسترد کردیا جس میں سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔ عدالت کی بنچ نے اپنے فیصلہ میں کہاکہ سزائے موت کے فیصلہ کا جائزہ لیا جائے گا ۔