مکہ مسجد دھماکہ کیس کے ملزم اسیمانند کی جیل سے رہائی

حیدرآباد /31 مارچ (سیاست نیوز ) مکہ مسجد بم دھماکے کیس میں ملوث نباکمار سرکار عرف سوامی اسیمانند کی آج شام چنچل گوڑہ جیل سے رہائی عمل میں آئی ۔ گذشتہ ہفتہ نامپلی کریمنل کورٹ کی خصوصی نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی ( این آئی اے) اسیمانند کی درخواست ضمانت قبول کرتے ہوئے اس کی رہائی کو حکم دیا تھا ۔ واضح رہے کہ اسیمانند کی حالیہ دنوں درگاہ اجمیر شریف بم دھماکے کیس میں برات کے بعد اسے حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے مکہ مسجد بم دھماکے کیس سماعت کیلئے چنچل گوڑہ جیل میں رکھا گیا تھا ۔ وکیل ایڈوکیٹ راج وردھن ریڈی نے نامپلی کورٹ میں درخواست ضمانت داخل کرتے ہوئے اس کی رہائی کی گذارش کی تھی ۔ ضابطہ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آج اسیمانند کو جیل حکام نے رہا کردیا اور بعد ازاں پولیس نے اسے بذریعہ خصوصی طیارہ اترپردیش منتقل کردیا اور وہاں پر اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔