مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کا تنخواہوں کی اجرائی پر اظہار اطمینان

روزنامہ سیاست کی مساعی پر اظہار تشکر ، تنخواہوں میں اضافہ پر زور
حیدرآباد ۔/27 فبروری ، ( سیاست نیوز)گزشتہ دو ماہ سے مسلسل جدوجہد کے بعد تنخواہوں کیلئے بجٹ کی اجرائی پر مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ملازمین اور ہوم گارڈز نے تنخواہوں کے بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں روز نامہ سیاست کی مساعی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اخبار کے ذریعہ حکومت کی مسلسل توجہ دہانی کے سبب عہدیداروں اور حکومت پر دباؤ پڑا جس کے سبب بجٹ کی اجرائی میں سرگرمی دکھائی گئی۔ ملازمین گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم اجرائی کے سبب کافی پریشان تھے اور کئی ملازمین نے اپنے گھریلو اخراجات کی تکمیل کیلئے قرض حاصل کیا تھا۔ ملازمین اور ہوم گارڈز کی معاشی پریشانیوں کو روز نامہ ’سیاست‘ نے نہ صرف شائع کیا بلکہ اعلیٰ عہدیداروں اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی توجہ مبذول کرائی تھی۔ ’سیاست‘ کی اس مساعی پر ملازمین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا احساس ہے کہ عہدیداروں پر دباؤ بنانے میں’سیاست‘ نے اہم رول ادا کیا۔ سیاست میں شائع شدہ خبروں کے تراشے چیف منسٹر کے دفتر روانہ کئے گئے جس کے بعد چیف منسٹر نے عہدیداروں کو بجٹ کے سلسلہ میں ہدایات جاری کیں۔ اگر عہدیداروں کو مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے اُمور سے دلچسپی ہوتی تو جاریہ سال کی بجٹ تجاویز میں ان کے اخراجات کو شامل کیا جاتا۔ بجٹ میں اخراجات کی عدم شمولیت کے سبب ملازمین کو تنخواہوں سے محروم ہونا پڑا۔ اب ہنگامی طور پر مارچ تک کے اخراجات کیلئے 42لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ دونوں مساجد کے ملازمین اور مکہ مسجد میں سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوم گارڈز کو توقع ہے کہ ڈسمبر، جنوری کے علاوہ فبروری کی تنخواہ ایک ساتھ جاری کردی جائے گی۔ حکومت نے غیر منصوبہ جاتی مصارف کے تحت 42لاکھ روپئے کی اجرائی کو منظوری دی اور محکمہ فینانس کی جانب سے منظوری کے فوری بعد اسی دن محکمہ اقلیتی بہبود نے جی او جاری کردیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو بجٹ کے استعمال کا مجاز گردانا گیا ہے۔ ملازمین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ طویل عرصہ سے تنخواہوں میں اضافہ کے زیر التواء مسئلہ کی بھی یکسوئی کرے۔