مکہ مسجد اور شاہی مسجد ملازمین کی تنخواہوں میں اضـافہ پر غور

ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے تجاویز طلب کی ہیں۔ حکومت مشاہیر میں یکسانیت پیدا کرنے کی خواہاں
حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) شہر کی تاریخی مکہ مسجد و شاہی مسجد باغ عامہ کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے سلسلہ میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر نے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر سے تجاویز طلب کی ہیں۔ حکومت دونوں مساجد کو ائمہ، خطیب اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ تنخواہ میں یکسانیت پیدا کرنے کے اقدامات کرے گی۔ حکومت نے کل مکہ مسجد کے سپرنٹنڈنٹ اور امام کی میعاد میں توسیع کرتے ہوئے احکامات جاری کئے تاہم تنخواہ میں عدم یکسانیت اور سپرنٹنڈنٹ کی تنخواہ میں یکطرفہ اضافہ نے تنازعہ کی شکل اختیار کرلی ہے۔ محکمہ کے ریٹائرڈ عہدیدار کو سپرنٹنڈنٹ کے طور پر فائز کرتے ہوئے ماہانہ 20ہزار روپئے ادا کرنے کے فیصلہ سے دونوں مساجد کے ملازمین میں بے چینی پیدا ہوگئی۔ مختلف عوامی نمائندوں اور سیاسی قائدین نے اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں کی توجہ مبذول کرائی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد نے صرف میعاد میں توسیع کی سفارش کی تھی۔ ان کے مکتوب میں تنخواہ میں اضافہ کا کوئی تذکرہ نہیں۔ ڈائرکٹوریٹ آف میناریٹی ویلفیر کی سطح پر تنخواہ میں اضافہ کا فیصلہ کرلیا گیا۔ جی او کی اجرائی اور ’سیاست‘ میں اس سلسلہ میں خبر کی اشاعت کے بعد محکمہ کے عہدیدار حرکت میں آگئے اور اس سلسلہ میں تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار بھی سپرنٹنڈنٹ کی تنخواہ میں بھاری اضافہ کی غلطی کو تسلیم کررہے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ محکمہ نے مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ائمہ کی تنخواہیں صرف 11500 ماہانہ ہیں جبکہ ملازمین کو ماہانہ 6700روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ دونوں مساجد کے جملہ ملازمین کی تعداد 26ہے۔ ملازمین ایک طویل عرصہ سے تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کررہے ہیں اور گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد نے تنخواہوں میں اضافہ کی تجویز حکومت کو روانہ کی لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ برخلاف اس کے اچانک سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد کی تنخواہ میں غیر معمولی اضافہ کے فیصلہ نے ملازمین میں بے چینی پیدا کردی ہے۔ اس فیصلہ سے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ اسی دوران شاہی مسجد باغ عامہ کے منیجر کی میعاد آئندہ دو ماہ میں ختم ہوجائے گی اور وہ میعاد میں توسیع کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد سورج کمار نے بتایا کہ دونوں مساجد کے ملازمین کی تنخواہوں پر ماہانہ 3لاکھ 35ہزار کے مصارف ہوتے ہیں جبکہ دیگر ضروریات کی تکمیل پر 40تا50ہزار کا خرچ آتا ہے۔