مکہ مدینہ علاء الدین وقف کے کرایوں میں اضافہ

وقف بورڈمیں اجلاس، 5 جنوری تک کرایہ داروں کو مہلت : محمد سلیم
حیدرآباد۔/30ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مکہ مدینہ علاء الدین وقف کے کرایہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور انہیں 5 جنوری تک اضافی کرایوں کے ساتھ بقایا جات ادا کرنے کی مہلت دی ہے۔ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر کرایہ دار اضافی کرایہ ادا کرنے کیلئے تیار نہ ہوں تو ان کے خلاف عدالت سے تخلیہ کی نوٹس کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ مکہ مدینہ علاء الدین وقف کے تحت موجود مدینہ بلڈنگ میں ملگیات وقف بورڈ کے تحت ہیں اور سابق میں ٹرسٹ کو کرایہ ادا کیا جارہا تھا۔ ٹرسٹ کے بارے میں شکایات کے بعد وقف بورڈ نے تمام ملگیات کو اپنی راست نگرانی میں لے لیا ہے۔ ملگیوں کے کرایہ جات مختلف ہیں اور زیادہ تر کرائے معمولی ہیں۔ 2014 میں وقف بورڈ نے کرایوں میں اضافہ کی نوٹس جاری کی تھی۔ رینٹ ریوویو کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق کرایوں کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن کرایہ دار اس کے لئے تیار نہیں ہیں۔ حالیہ عرصہ میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کرایہ کی وصولی کی مہم شروع کی تاکہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہوسکے۔ بعض کرایہ دار کرایہ میں اضافہ کیلئے راضی ہوچکے ہیں لیکن کرایہ داروں کی اسوسی ایشن مزاحمت کررہی ہے۔ کرایہ داروں کے ساتھ اجلاس میں محمد سلیم نے واضح کیا کہ جو بھی کرایہ دار برقرار رہنا چاہتے ہوں انہیں موجودہ کرایہ کا دوگنا ادا کرنا ہوگا۔ یہ جائیداد وقف ہے اور وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ان کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکٹ ریٹ کے حساب سے موجودہ کرائے کم ہیں کرایہ داروں کو خود اس بات کا احساس ہونا چاہیئے کہ وہ اہم مرکزی مقامات پر کم کرایہ ادا کررہے ہیں۔ انہیں رضاکارانہ طور پر کرایہ میں اضافہ کیلئے آگے آنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی مہم کے نتیجہ میں کرایہ دار سیٹلمنٹ کیلئے وقف بورڈ سے رجوع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کرایہ دار کو اپنا کرایہ ٹرسٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر منان فاروقی کو ہدایت دی کہ 5 جنوری کے بعد تخلیہ کی کارروائی کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مدینہ علاء الدین ٹرسٹ کے بعد نبی خانہ مولوی اکبر اور دیگر اوقافی جائیدادوں کے کرایہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔