مکان کرایہ پر لینے کے بہانے سرقہ کرنے والا جوڑا گرفتار

حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) میڑچل پولیس نے کرایہ کے مکان کے بہانے رہزنی کرنے والے ایک جوڑے کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ 23 سالہ سرینواس راؤ عرف چرن اور اس کی بیوی راجہ لکشمی 27 سالہ کو گرفتار کرلیا گیا جنھوں نے 13 ڈسمبر کی رات جیہ اماں نامی 68 سالہ خاتون کے گلے سے 2 تولہ کا منگل سوتر چھین لیاتھا ۔ اس خاتون کے گلے کو رسی سے باندھ کر رہزنی کی گئی تھی ۔ شکایت کے بعد پولیس ان کی تلاش میں تھی جو آج میڑچل مارکٹ کے قریب مشتبہ حالت میں گشت کے دوران پولیس کے ہاتھ لگے ۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں اسی خاتون کے گھر میں کرایہ سے رہ چکے تھے ۔ تاہم اس ضعیف خاتون نے انھیں نکال دیاجس کے بعد انھوں نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے رہزنی کی واردات انجام دی ۔