مڈ مانیر کے باندھ میں شگاف عہدہ داروں کی تساہلی

کریم نگر میں بی جے پی جنرل سکریٹری مرلی ھر راؤ کی پریس کانفرنس

کریم نگر۔/2اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر اہتمام مڈ مانیر کے متاثرہ مواضعات اور عوام کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی عہدہ داران اور بی جے پی مرکزی جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ نے بروز اتوار دورہ کرنے کے بعد کریم نگر آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مڈ مانیر کا کٹہ ٹوٹ جانا اور اس کی وجہ سے آس پاس کے مقامات کا نقصان یہ سراسر انسانی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ ریاستی حکومت اس کی ذمہ دار ہے۔ یہ آفات سماوی نہیں ہیں بلکہ غیر ذمہ داری کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ متعلقہ انجینئرس اور اعلیٰ عہدہ دار ہی اس کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر نہیں کئے، پراجکٹ کی سطح آب کا حساب کتاب نہیں رکھا اور ذخیرہ آب کی گنجائش کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ 3 ٹی ایم سی گنجائش کے پراجکٹ میں 7ٹی ایم سی پانی کس طرح رکھا  باندھ سے پانی چھوڑے جانے اور متھوڑی سے کم کٹہ کی اونچائی کا خیال کیوں نہیں رکھا گیا۔ آج کل پل پل کی خبردنیا کے کونے کونے تک جاتی ہے لیکن مڈ مانیر ڈیام کی حالت اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں کیوں نہیں لائی گئی۔ اس کے علاوہ کے سی آر بھی اس تعلق سے کوئی دلچسپی نہیں دکھارہے ہیں۔ ابھی  تک بارش سے متاثرین کیلئے راحت کاری کے کام شروع نہیں کئے گئے۔ کئی مواضعات میں عوام کو گھروں سے باہر کردیا گیا ، کسانوں کی اراضی پراجکٹس کی تعمیر کیلئے لے لی گئی اب تک اس کا معاوضہ بھی نہیں دیا گیا۔ بارش کی تباہی سے کئی کسانوں کی فصل کو نقصان ہوا ہے۔ یہ اراضی اب کاشت کے قابل نہیں رہی۔ بارش کی وجہ سے وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ بھی پیدا ہوگیا لیکن ضلع انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی مدد فراہم نہیں کی گئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ان کے ساتھ ہے انہیں ڈرنے کی کوئی بات نہیں ۔ ریاستی حکومت کو ایسے حالات میں غریبوںاور کسانوں کا تعاون کرنا ضروری ہے اور بارش کی وجہ ہونے والے نقصانات کو حکومت ہی برداشت کرنا ہوگا۔ اس پریس کانفرنس میں کسان مورچہ مرکزی سکریٹری سگناکر راؤ، ریاستی قائدین نارائن راؤ، آکولا وجیا، دیویندر، ضلعی بی جے پی صدر، سکریٹری وغیرہ موجود تھے۔