مڈل آرڈر سے پریشان حیدرآباد کا آج چینائی سے مقابلہ

حیدرآباد ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مڈل آرڈر میں بیٹنگ کے مسلسل ناقص مظاہروں سے پریشان سن رائزس حیدرآباد کی ٹیم کل ٹورنمنٹ میں نمبر ایک مقام موجود چینائی سوپر کنگس کے خلاف اہم مقابلہ کھیلے گی اور راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم کو کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے کیونکہ اس نے اب تک کھیلے گئے سات مقابلوں میں تین فتوحات حاصل کی ہیں لیکن گذشتہ تین مقابلوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی اہم وجہ میڈل آرڈر کی ناکامی ہے۔ ایک جانب ڈیوڈ وارنر ٹورنمنٹ میں تاحال 400 سے زائد رنز اسکور کرلئے ہیں ان کے بعد ان کے ساتھی اوپنر جانی بیرسٹو 304 رنز بنائے ہیں لیکن ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین بہتر مظاہرہ نہیں کر پارہا ہے جبکہ تیسرے نمبر پر ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کئے گئے وجئے شنکر ہیں جن کے نام بھی صرف 132 رنز درج ہیں۔ یوسف پٹھان اور منیش پانڈے جیسے نامور کھلاڑی ہونے کے باوجود حیدرآبادی ٹیم مڈل آرڈر کے مسائل پر قابو پانے میں ناکام ہے۔ گذشتہ مقابلہ میں مستقل کپتان کین ولیمسن کی واپسی کا بھی حیدرآباد کو فائدہ نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب چینائی کی ٹیم 14 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر فائز ہے اور وہ کل یہاں حیدرآباد کو شکست دیتے ہوئے پلے آف میں اپنی جگہ بنانے کیلئے کوشاں ہوگی۔