مٹی میں کھیلنا بچوں کی صحت کیلئے مفید…!

والدین عام طورپر بچوں کو مٹی میں کھیلنے سے روکتے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں مٹی میں موجود جراثیم بچوں کیلئے نقصاندہ ہوسکتے ہیں تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مٹی میں کھیلنا بچوں کیلئے فائدہ مند بھی ہوتا ہے ۔ مٹی میں جو جراثیم پائے جاتے ہیں وہ بچوں کی اوپری جلد تک پہنچ جاتے ہیں اور اگر کھیل کود کے بعد بچوں کو صفائی سے نہلا دیا جائے تو پھر ان جراثیم کے اثرات کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا ۔ ماہرین کے مطابق کھیل کود بچوں کیلئے ہر صورت میں بہت مفید ہے ۔ کمروں میں صاف ستھرے قالینوں پر کھیلنے سے بہتر ہے کہ باہر لان میں گھاس پر یا پھر مٹی میں کھیلنے کی اجازت دے دی جائے کیونکہ ان جگہوں پر کھیلنے سے بچوں کی جسمانی نشو و نما میں تیزی آتی ہے ۔ ماہرین کے مطابق مٹی میں کچھ ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو جلد کیلئے مفید بھی ہوتے ہیں ۔ یہ مٹی اگرچہ دیکھنے میں گندی لگتی ہے لیکن اس میں متعدد انواع کی معدنیات اور نمکیات وغیرہ کے اجزاء ہوتے ہیں جو جلد کو جراثیم سے بچانے کے ساتھ ساتھ اس کی قوت مدافعت میں بھی اضافے کا باعث بنتے ہیں ۔ ماہرین اس بات کا بھی اندازہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ صاف ستھری جگہ کی نسبت مٹی میں کھیلنے کیلئے بچے کیوں ضد کرتے ہیں اور ایسی جگہوں پر کھیل کر زیادہ خوشی کیوں محسوس کرتے ہیں ۔ والدین کی عموماً خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے ہر وقت صاف ستھرے رہیں اور اسی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو ایسی جگہوں سے دور رکھتے ہیں تاہم کوشش کرنی چاہئے کہ بچوں کو کھیل کود کیلئے نسبتاً قدرتی ماحول دستیاب ہو ۔ اس حوالے سے مغربی ماہرین کا کہنا ہے کہ مٹی کی خوشبو اور اس کی قربت انسانی دماغ اور جسم کو تر و تازہ کرتی ہے ۔ اس لئے مٹی میں کھیلنا انسانی صحت کیلئے مفید رہتا ہے ۔