موٹر سائیکل رانوں کو ہیلمٹ کے استعمال کا مشورہ

ف25 فیصد افراد ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ موت کا شکار: کمشنر ٹرانسپورٹ

حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ سندیپ کمار سلطانیہ نے ریاست تلنگانہ کے عوام بالخصوص دو پہیے والی گاڑیاں چلانے والے افراد سے اپنی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہیلمٹ کو لازمی طور پر پہننے کی پرزور اپیل کی کیوں کہ سڑک حادثات پیش آنے کی صورت میں ہیلمٹ زندگی کو بچا سکتا ہے۔ جبکہ ریاست تلنگانہ میں روز مرہ پیش آنے والے سڑک حادثات میں زائداز 25 فیصد افراد محض ہیلمٹ کے نہ پہننے کی وجہ سے موت سے دوچار ہورہے ہیں۔ کمشنر ٹرانسپورٹ ہیلمٹ کے استعمال پر منعقدہ ایک شعور بیداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دو پہئے والی گاڑیاں چلانے والے افراد کو ہیلمٹ کا استعمال نہ صرف موٹر سیکل چلانے والے فرد کو بلکہ اس فرد کے افراد خاندان کے لئے بھی فائدہ مند ہے اور ہیلمٹ کا استعمال اپنی زندگی کو محفوظ بناتا ہے۔ حادثات کی صورت میں اپنی زندگی کو ہیلمٹ پہنتے ہوئے بچایا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ دیگر تمام اضلاع تلنگانہ میں دو پہئے والی گاڑیاں چلانے والے افراد کے لئے ہیلمٹ کے لزوم سے واقف کروانے کے لئے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلانے پر زور دیا اور کہاکہ ہیلمٹ کے لازمی استعمال کے تعلق سے عوام کو بہتر انداز میں واقف کروانے معلوماتی پروگرامس بھی منعقد کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ سندیپ کمار سلطانیہ نے اپنے دفتر واقع خیریت آباد میں بغیر ہیلمٹ پہنے ہوئے آنے والے دو پہیوں والی گاڑیوں کے مالکین کو دفتر میں داخل نہ ہونے دینے کی متعلقہ ٹرانسپورٹ عہدیداروں کو ہدایات دیں۔