مونڈا مارکٹ سکندرآباد کو عصری بنانے کا اعلان

چیف منسٹر کے سی آر کا دورہ، سبزی فروش اور تاجرین سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 31 جنوری (این ایس ایس) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے سکندرآباد کی قدیم مونڈا مارکٹ کو عصری بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وہ آج یہاں مارکٹ کا دورہ کیا اور یہاں عرصہ دراز سے سبزی فروش اور تاجرین سے بات چیت کرتے ہوئے مارکٹ کے مسائل سے آگہی حاصل کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے بتایا کہ ان کی حکومت مارکٹس کو عصری بنانے کے علاوہ ہیرٹیج عمارتوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ ہے اور اس بات کا تیقن دیا کہ وہ فوری طور پر عوامی مسائل کی یکسوئی اور شکایتوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے مارکٹ کے مختلف تاجرین سے بات چیت کے بعد عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مارکٹ کے حدود میں فوری بیت الخلاؤں کی سہولت فراہم کریں۔ چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو اس بات کا پابند بنایا کہ وہ مارکٹ میں حفظان صحت کا خیال رکھیں اور بروقت صاف صفائی اور کچرے کی نکاسی پر بھرپور توجہ دیں۔ اس کے علاوہ مارکٹ میں مچھروں کی کثرت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کہا کہ ملیریا اور دیگر امراض کی روک تھام کیلئے مچھروں کی افزائش روکنے کیلئے فاگنگ کریں۔ کے چندرشیکھر راؤ نے مقامی تاجرین کو تیقن دیا کہ وہ مارکٹ کو عصری بنانے کے بعد دوبارہ یہاں کا دورہ کریں گے۔