مولانا طاہرالقادری کی پاکستان واپسی

لاہور ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) حکومت مخالف قائد اور عالم دین طاہرالقادری کینیڈا سے پاکستان واپس آگئے۔ وہ گذشتہ 8 ماہ سے کینیڈا میں تھے۔ یہاں پہنچتے ہی انہوں نے عزم کیا کہ وہ اپنے ان 14 ساتھیوں کیلئے انصاف کا مطالبہ کریں گے جو گذشتہ سال پولیس فائرنگ میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ سے باہر اپنے ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ رینجرس کے ذمہ داران افسران اور سیکوریٹی اداروں سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کریں جنہوں نے 14 افراد کو لاہور میں ماڈل ٹاؤن جھڑپوں کے دوران انتہائی بے رحمی سے ہلاک کردیا تھا۔ طاہرالقادری کی پاکستان عوامی تحریک (PAT) کے تقریباً 4000 ورکرس طاہرالقادری کا خیرمقدم کرنے لاہور ایرپورٹ پہنچے تھے۔ PAT کے 150 نوجوان ورکرس کے علاوہ پنجاب پولیس کی بھاری جمعیت بھی طاہرالقادری کی سیکوریٹی کیلئے وہاں موجود تھی۔