موغادیشو : چائے خانہ پر کار بم دھماکہ ، 11 ہلاک

موغادیشو۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) موغادیشو کے پڑوسی علاقہ میں ایک کار بم دھماکہ سے ایک چائے کی دکان تباہ ہوگئی جہاں محکمہ سراغ رسانی کے عہدیدار عام طور پر جمع ہوا کرتے تھے، اس بم حملہ میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ آسمان میں دھویں کا کشیف بادل اٹھتا ہوا دیکھا گیا، جس میں زندہ بچ جانے والے چھپ گئے تھے۔ ایک شخص کا دھماکہ کرتے وقت بازو ضائع ہوگیا۔ پولیس کیپٹن محمد حسین نے کہا کہ انہوں نے 11 نعشیں دیکھی ہیں جو صومالیہ کے محکمہ سراغ رسانی سے تعلق رکھنے والے افراد کی تھیں۔ فوری طور پر یہ توثیق نہیں ہوسکی کہ مہلوکین میں کتنے سرکاری ملازم تھے۔ القاعدہ سے مربوط الشباب نے اپنے حملوں میں حالیہ عرصہ سے شدت پیدا کردی ہے۔

فلپائن میں بجلی کا طویل ترین بحران
منیلا۔ 27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فلپائن میں سیاسی بحران اور پرتشدد مظاہروں کے بعد بجلی کے طویل ترین بحران نے لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہے، لاکھوں کی تعداد میں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی فلپائن جس کا شمار ملک کے ایک تہائی حصے کے طور پر ہوتا ہے، گزشتہ دو روز سے مسلسل بجلی سے محروم ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کا بحران گرڈ اسٹیشن میں اچانک پیدا ہونے والی فنی خرابی کے باعث ہوا ہے۔ اس بحران کے باعث ہزاروں گھرانے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔