مورگن چوتھے ونڈے سے محروم

دبئی۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے پاکستان کے خلاف تیسرے ونڈے میچ میں سلو اوور ریٹ پر انگلینڈ کے کپتان پر ایک میچ کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے جس کے بعد وہ کل چوتھے ونڈے میں ٹیم کی قیادت سے محروم ہوگئے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف برسٹل میں کھیلے گئے تیسرے ونڈے میچ میں تو کامیاب رہی لیکن سلو اوور ریٹ کے سبب انگلش ٹیم کے کپتان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے مورگن کو معطلی کی سزا سنائی اور ساتھ ہی میچ فیس کا40 فیصد جرمانہ بھی عائد کردیا جبکہ باقی انگلش ٹیم 20 فیصد میچ فیس سے محروم ہو گئی ہے۔ آئی سی سی کے قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق فی اوورکے لحاظ سے کھلاڑی پر 10فیصد اورکپتان پر اس سے دگنا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ مورگن اس سے قبل 22 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے میچ میں بھی سلو اوور ریٹ کا جرم سرزد کر چکے ہیں اور 12ماہ کے دوران دوبارہ اسی جرم کو دہرانے پر ان پر پابندی عائد کی گئی۔ دوسری جانب انگلش اوپنر جانی بیراسٹو کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آئی سی سی نے ان کی سرزنش کی ہے۔ پاکستان کے خلاف میچ میں انگلش اننگز کے 29 ویں اوور میں آؤٹ ہونے پر بیراسٹو نے اسٹمپس پر بیٹ مارا تھا اور اسی وجہ سے ان کی سرزنش کے ساتھ انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔