مودی ’ چائے والا ، نہیں ‘ کینٹین کنٹراکٹر ‘ تھے : کانگریس

احمد آباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نریندر مودی کے چائے والا ، پس منظر پر لفظی جنگ نے مزید شدت اختیار کرلی اور کانگریس نے آج کہا کہ وہ چائے فروش کبھی نہیں رہے بلکہ کینٹین کنٹراکٹر تھے ۔ سینئیر لیڈر اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے پولٹیکل سکریٹری احمد پٹیل نے مودی کی ’ چائے پہ چرچا ‘ مہم کو انتخابی شعبدہ بازی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پیش نظر یہ ناٹک کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مودی کا نام لیے بغیر کہا کہ ٹی سیلرس اسوسی ایشن نے انہیں بتایا کہ مودی کبھی چائے فروش نہیں رہے بلکہ وہ کینٹین کنٹراکٹر تھے ۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی انتخابات کے پیش نظر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر گجرات کی چائے پر چرچہ مہم کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے ایک ناٹک قراردیا۔