مودی ہم سب سے آگے، لیکن بنیادی سطح پر کام بھی ضروری

حکومت کیساتھ آر بی آئی کے تعلقات مضبوط، وزیرفینانس کے ہر مشورہ پر عمل ممکن نہیں: رگھورام راجن

نئی دہلی ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر رگھورام راجن نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’’ہم سب سے آگے‘‘ قرار دیا لیکن ان کے بیرونی دوروں پر ملک میں زمینی سطح پر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم مودی کے بیرونی دوروں کے بعد ہندوستان کے بارے میں عالمی رائے کے تناظر پر انہوں نے ریمارک کیا کہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک مثبت تبدیلی ہے۔ وہ (مودی) ہندوستان کے ایک صاف گو اور فصیح البیان ترجمان ہیں‘‘۔ آر بی آئی گورنر کے بارے میں اکثر یہ سمجھا جاتا ہیکہ مالیاتی پالیسی اور دیگر مسائل پر سرکاری خطوط کی تقلید نہیں کرتے۔ انہوں نے ہندوستان کو سرمایہ کاری کیلئے سازگار مقام کے طور پر روشناس کرنے کیلئے وزیراعظم مودی کی مساعی کا اعتراف کیا۔ تاہم کہا کہ طاقتور ہندوستانی معیشت کے پیغام دینے کے ساتھ زمینی سطح پر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت بھی ہے۔ رگھورام راجن نے مزید کہا کہ ’’میرے خیال میں وہ (مودی) ہم سے آگے ہیں۔

چنانچہ ہمیں کئی زاویوں سے تیز رفتار کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مثلاً ہم اگر بیرونی ممالک میں ہندوستان کو ایک طاقتور معیشت ظاہر کرتے ہیں تو ظاہر ہے وہ (بیرونی سرمایہ کار) ہندوستان آئیں گے لیکن انہیں یہاں اپنی صنعتکاری و تجارت میں پرسکون و سازگار ماحول نہیں ملے گا۔ اجازت اور دیگر امور میں مشکلات ہوں گی تو یقیناً وہ (بیرونی سرمایہ کار) خوش نہیں ہوں گے‘‘۔ رگھورام راجن نے کہا کہ باہر بھی یہ سب کو معلوم ہیکہ یہاں چند ایسے مسائل ہیں جن سے نمٹنا ضروری ہے لیکن یہ (دشواریاں) ان (بیرونی سرمایہ کاروں) کے اندیشوں سے زیادہ بدتر بھی نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’چنانچہ میں سمجھتا ہوں کہ بنیادی حقائق میں بتدریج بہتری ضروری ہے اور مختلف محاذوں کی سمت پیشرفت کرنے والے تجارتی ماحول میں بہتری کیلئے صحیح سمت میں یہ بہترین کوشش ہوگی‘‘۔ رگھورام راجن نے کہا کہ آر بی آئی اور حکومت کے تعلقات مستحکم ہیں لیکن انہوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ وزیرفینانس کے نقطہ نظر سے وہ ہمیشہ اتفاق بھی نہیں کرسکے۔