مودی گجرات سے مقابلہ کرینگے : بی جے پی

احمد آباد 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات بی جے پی نے آج اعلان کیا کہ چیف منسٹر نریندر مودی ریاست میں کسی ایک حلقہ سے مقابلہ کرینگے تاہم ان کے اتر پردیش میں کسی اور حلقہ سے مقابلہ کا امکان بھی مسترد نہیں کیا گیا ہے ۔ گجرات بی جے پی کے جنرل سکریٹری وجئے روپانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقینی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ مودی گجرات میں ایک نشست سے مقابلہ کرینگے ۔ روپانی نے کہا کہ گجرات کے چار شہروں احمد آباد ‘ راجکوٹ ‘ ودودرہ اور سورت سے مودی کو مقابلہ کی دعوت مل رہی ہے ۔

ہمارے ورکرس چاہتے ہیں کہ مودی گجرات سے مقابلہ کریں۔ گجرات بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا چار دن سے اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مودی گجرات کے کسی حلقہ سے مقابلہ کرینگے تاہم وہ کس حلقہ کا انتخاب کرینگے ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا مودی اتر پردیش میں وارناسی سے بھی مقابلہ کرینگے ؟ انہوں نے کہا کہ وہ کسی نشست کے تعلق سے نہیں جانتے تاہم اس کا فیصلہ مرکزی پارلیمانی بورڈ اور سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ اس سوال پر کہ آیا سینئر پارٹی لیڈر ایل کے اڈوانی گاندھی سے مقابلہ کرینگے ؟ جہاں سے وہ پانچ مرتبہ سے کامیاب ہو رہے ہیں مسٹر روپانی نے کہا کہ اس تعلق سے بھی مرکزی پارلیمانی بورڈ فیصلہ کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوک سبھا نشستوں کیلئے امیدواروں کا فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ ہم ہولی کے بعد دوبارہ ملاقات کرکے اس تعلق سے فیصلہ کرینگے ۔ گجرات بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا اتوار ‘ منگل اور شہارشنبہ کو مودی کی قیامگاہ پر ان کی موجودگی میں اجلاس ہوا تھا ۔ بی جے پی ریاستی ترجمان ہرشد پٹیل نے کہا کہ ریاستی پارلیمانی بورڈ کا ایک بار پھر اجلاس ہونے والا ہے جس میں26 لوک سبھا حلقوں سے امیدواروں کے پیانل کا انتخاب کیا جائیگا۔