مودی کے خلاف ووٹ دینے کسان تنظیموں کی اپیل

نئی دہلی 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ کسان مہا سنگھ نے جو ملک بھر میں کسانوں کی 185 تنظیموں پر مشتمل محاذ ہے کسان برادری سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے خلاف ووٹ کا استعمال کریں۔ راشٹریہ کسان مہا سنگھ نے ایک کتابچہ بھی جاری کیا ہے جس کو نریندر مودی کسان مخالف کا عنوان دیا گیا ہے ۔ اس کتابچہ میں این ڈی اے حکومت کی ناکامیوں اور زرعی محاذ پر اس کی ناقص کارکردگی کو اجاگر کیا گیا ہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کئی کسان قائدین نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے اور اس نے گذشتہ پانچ سال میں جو اقدامات کئے ہیں ان کے نتیجہ میں کاشت کار برادری مسائل کا شکار ہوئی ہے ۔ انہں نے کہا کہ اس کتابچہ کا اصل مقصد کسانوں اور نوجوانوں کو قومی اور سماجی اہمیت کے حامل مسائل پر باشعور بنانا ہے اور انہیں زرعی بحران اور بیروزگاری کی صورتحال سے واقف کروانا ہے ۔ ان قائدین نے مختلف ریاستوں میں بی جے پی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔