مودی کے خلاف دروغ گوئی مہم کا کانگریس پر جیٹلی کا الزام

نئی دہلی، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے اپوزیشن کانگریس پر وزیر اعظم نریندر مودی کی شبیہ خراب کرنے کے لئے ان کے خلاف ‘جھوٹ’ کی مہم چلانے کا الزام لگایا ۔ مسٹر جیٹلی نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ “جب آپ کے پاس حکومت کے خلاف اٹھانے کے لئے کوئی حقیقی مسئلہ نہیں ہوتا تو آپ جھوٹ گڑھتے ہیں یا نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں۔کانگریس وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف جتنے نازیبا الفاظ کا استعمال کرے گی، لوگوں میں اس کے تئیں مخالفت کا رجحان اتنا ہی مضبوط ہوگا”۔ وزیر خزانہ نے اس سے پہلے بھی کانگریس پر حکومت اور مسٹر نریندر مودی کے خلاف جھوٹے مسائل اٹھانے کا الزام لگایا ہے ۔ ہفتہ کے روز ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ رافیل، بالاکوٹ، جسٹس لویا کے قتل، بینکوں کی قرض معافی، جواہر لال نہرو یونیورسٹی، ای وی ایم، جی ایس ٹی، نوٹ بندي یا نیرو مودی اور وجیہ مالیہ یا پھر اندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ یا معیشت سے متعلق مسائل ہوں – اپوزیشن کا جھوٹ اور اس کی طرف سے من گھڑت مسائل ہمیشہ بے کار گئے ہیں۔