مودی کے جسم کے ہر حصہ سے تکبر کا اظہار : نتیش کمار

پٹنہ ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ تیسرا محاذ انتخابات کے بعد پہلا محاذ کے طور پر ابھرے گا۔ انہوں نے تیسرے محاذ کے تعلق سے نریندر مودی کے تبصرہ پر شدید تنقید کی اور کہا کہ انتخابات کے بعد یہ پہلا محاذ بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 11 غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی جماعتیں کامیابی حاصل کرتے ہوئے مشترکہ اقل ترین پروگرام کے بنیاد پر مرکز میں حکومت تشکیل دیں گی۔ نتیش کمار نے مودی کی ان پر شخصی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خود چیف منسٹر گجرات کے جسم کے ہر حصہ سے غرور ٹپک رہا ہے۔ نتیش کمار نے کہا کہ وہ غریب خاندان میں پیدا ہوئے اور صرف عزت نفس کو اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے پاس غرور و تکبر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کے انداز سے خود تکبر کا پتہ چل جاتا ہے۔

ہر شخص جانتا ہیکہ کس کے جسم کے ہر حصہ سے تکبر کی علامتیں ظاہر ہورہی ہے۔ ایک دن قبل نریندر مودی نے پورنیا میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نتیش کمار کا تکبر کوہ پیما سے بھی بڑھ کر ہے۔ نتیش کمار نے کہا کہ ہمالیہ کی بلند ترین چوٹی کا ہم سب احترام کرتے ہیں لیکن اس سے کسی کے غرور کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے گجرات کی ترقی کے بارے میں دعوؤں کا بھی مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں سب کو دھوکہ دے رہی ہے۔ انہوں نے مودی کی جانب سے بہار اور گجرات میں مسلمانوں کی سماجی و معاشی حالت کے تعلق سے سچر کمیٹی رپورٹ کے حوالے اور اعداد و شمار کے موازنہ کو بھی غلط قرار دیا۔ نتیش کمار نے کہا کہ یہ اعداد و شمار مالی سال 2004-05ء اور 2001ء کی مردم شماری کی بنیاد پر ہیں جبکہ انہوں نے نومبر 2005ء میں بہار میں اقتدار سنبھالا ہے۔