’’مودی کی سچائی اب عوام کے راڈر پر آچکی ہے ‘‘

وزیراعظم صرف بلند بانگ وعدوں اور پروپگنڈہ میں ملوث : پرینکا گاندھی

بھٹنڈہ۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی لیڈر پرینکا گاندھی نے بالاکوٹ فضائی حملوں کے دوران بادلوں کی ڈھال کے سبب انڈین ایرفورس کے طیاروں کو پاکستانی راڈر نظام سے بچنے میں مدد ملنے کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی کے دعوے کا مذاق اڑاتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’وزیراعظم کے بارے میں سچائی اب عوام کے راڈر پر آچکی ہے‘۔ کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا نے مودی پر صرف بلند بانگ وعدوں اور پروپگنڈہ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ پرینکا نے مودی کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بالاکوٹ پر بادل چھائے ہوئے تھے اور بادلوں کی ڈھال کو ملحوظ رکھتے ہوئے فضائی حملے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ پرینکا نے کانگریس کے امیدوار امریندر سنگھ راجہ کی تائید میں منعقدہ انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ان (مودی) کے بارے میں اب یہ سچائی عوام کے راڈر پر آگئی ہے‘۔ پرینکا گاندھی وڈرا نے الزام عائد کیا کہ مودی نے دو کروڑ نئی ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران 12,000 کسانوں نے خودکشی کرلی اور انہوں نے مودی پر کسانوں کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ کانگریس کی رہنما نے کہا کہ رواں پارلیمانی انتخابات ملک اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے لڑے جارہے ہیں۔