مودی کی ریالی میں آر ایس ایس کے برقعہ پوش کارکن

پاناجی۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی گزشتہ روز یہاں منعقدہ ریالی میں آر ایس ایس کارکنوں نے برقعہ پوش خواتین کے بھیس میں شرکت کی تاکہ یہ تاثر پیدا کیا جائے کہ اقلیتی خواتین نے بھی اس ریالی میں شرکت کی تھی ۔ گوا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جان فرنانڈیز نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آر ایس ایس ورکروں نے بی جے پی قائدین کی طرف سے فراہم کردہ برقعہ پہنے تھے اور مودی کی ریالی میں ایک گروپ کی شکل میں بیٹھ گئے تھے تاکہ یہ تاثر دیا جاسکے کہ اقلیتی برادری نے بھی اُن کی ریالی میں شرکت کی ہے ‘‘۔

آر ایس ایس جو بی جے پی کی نظریہ ساز تنظیم ہے اس پارٹی کے امیدوار کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ پردیش کانگریس کے ترجمان منوہر ازگاؤنکر نے الزام عائد کیا کہ روایتی برقعہ پوش خواتین کو ہجوم کے درمیان جگہ جگہ بٹھایا گیاتھا تاکہ یہ گماں ہوسکے کہ مودی کی اس ریالی میں دوسروں کے علاوہ مسلم اقلیت نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی ہے ۔ ازگاؤنکر نے کہا کہ ’’بی جے پی کو کم از کم یہ معلوم ہونا چاہئے تھا کہ گوا میں مسلم برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین برقعہ نہیں پہنتیں‘‘۔ تاہم اس ضمن میں رابطہ پیدا کرنے پر بی جے پی نے کانگریس کے الزام کو بکواس قرار دیا اور کہا کہ کانگریس قائدین کے بیانات سے دراصل مودی کے جلسہ عام میں عوام کی کثیرتعداد کی موجودگی سے کانگریس میں پیدا شدہ مایوسی کا اظہار ہوتا ہے ۔