مودی کی تاریخی ریالی میں 25 فیصد اقلیتی شرکاء : بی جے پی

پنجی ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج ادعا کیا کہ 12 جنوری کو مودی کی منعقد شدنی ریالی میں شرکت کیلئے اقلیتوں نے بھی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ریاستی بی جے پی ترجمان ولفریڈ مسکیٹا کے گذشتہ شام میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی ریالی کیلئے اقلیتوں کی جانب سے جس دلچسپی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے وہ یقینا خوش آئند ہے۔ مودی کی ریالی میں شرکت کیلئے ایک لاکھ افراد نے اپنے نام رجسٹر کروائے ہیں، جن میں سے 25ہزار (25 فیصد) افراد کا تعلق اقلیتوں سے ہے۔ یاد رہیکہ 2012ء میں بی جے پی نے یہاں کانگریس سے اقتدار چھین لیا تھا جب انتخابات میں زعفرانی جماعت نے اقلیتی امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا تھا اور پارٹی کا یہ جوا کامیاب ثابت ہوا تھا۔

مسکٹیا جو سابق ریونیو وزیر ہیں، نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عوام خود کو مودی کی ریالی کا حصہ بننا چاہتے ہیں جو دراصل لوک سبھا انتخابات کیلئے مہم جوئی کی جانب پیشرفت سے تعبیر کی جارہی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ نریندر مودی کو بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوں تو نریندر مودی کی تقریر لوگ اپنے اپنے گھروں میں موجود ٹی وی پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں لیکن بہ نفس نفیس ریالی میں شرکت کرنے کا مقصد یہ ہیکہ لوگ ریالی کا حصہ بننا چاہتے ہیں جس طرح کرکٹ میاچ کا نظارہ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر بھی کیا جاسکتا ہے اور گھر میں موجود ٹیلی ویژن سیٹ پر بھی لیکن اہمیت ان لوگوں کی زیادہ ہوتی ہے جو اسٹیڈیم میں موجود ہوتے ہیں۔ بی جے پی کی اس ریالی میں منتظمین فی کس پانچ روپئے داخلہ ٹکٹ وصول کریں گے۔ یہی نہیں بلکہ بی جے پی ورکرس کو بھی ریالی میں شرکت کیلئے 5 روپئے فی کس فیس ادا کرنی پڑے گی۔
ریالی میں صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ کی شرکت بھی متوقع ہے۔