مودی کی انتخابی مہم کا 28 مارچ سے آغاز

میرٹھ: 27 مارچ(سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے پیش نظر اترپردیش میں پہلے مرحلے کے تحت انتخابی مہم کا آغاز 28 مارچ کو دہلی ۔دہرادون ہائی وے پر سوایا ٹول پلازہ کے نزدیک عوامی ریلی سے کریں گے ۔ ملحوظ رہے کہ 2014 کے عام انتخابات میں بھی بی جے پی سے وزیر اعظم عہدے کے امیدوار نریندر مودی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز2 فروری 2014 کو میرٹھ کے ہی شتابدی نگر میں عوامی ریلی سے کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق پارٹی صدر امیت شاہ منگل کی دیر رات تک علاقے میں پہلے ودو سرے مرحلے کے تحت ہونے والے 16 پارلیمانی حلقوں پر پارٹی کی موجودہ حالت کا جائزہ لیتے ہوئے انتخابی حال جاننے کی کوشش کی۔ امیت شاہ نے وزیر اعظم کی ریلی کو تاریخی بنانے کے لئے پارٹی لیڈروں سے اپیل کی۔ وزیر اعظم 11:30 بجے عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔ وزیر اعظم کی ریلی کی موجب اس علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظاما ت کئے گئے ہیں۔ مسٹر مودی جمعرات کو ہی اتراکھنڈ کے ردو پور میں بھی ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔
وزیر اعظم کی ریلی سے قبل ہی بی جے پی صدر امت شاہ دیگر پارٹی لیڈروں کے ساتھ منگل سے ہی شہر میں ہی قیام پذیر ہیں۔اس ضمن میں بی جے پی لیڈروں کے ساتھ میراتھن میٹنگ کے بعد مسٹر شاہ نے اترپردیش میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے تحت ہونے والے انتخابات کے لئے بی جے پی کی حکمت عملی کو تشکیل دی ہے ۔ مسٹر شاہ کے ساتھ میٹنگ میں اترپردیش بی جے پی صدر ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے ، یو پی انچارج جے پی نڈا، ریاستی جنر ل سکریٹری سنیل بنسل، ڈویژن صدر اشونی تیاگی اور انچارج وجے بہادر پاٹھک موجود رہے ۔ بی جے پی صدر نے ڈویژن سطح پر بوتھ انچارجوں اور دوسرے لیڈروں سے انتخابات کے حقیقی عوامل کا پتہ لگانے کی ہدایت دی۔