مودی کی’’ چائے پر چرچہ‘‘ نہیں بلکہ’’ چائے پر چغلی ‘‘مہم

چیف منسٹر بہار کا طنزیہ ریمارک، ’ کام کی چرچہ‘ پروگرام شروع کرنے نتیش کا اعلان
پٹنہ۔/14فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی جانب سے ’چائے پر چرچہ‘ مہم پر طنز کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج اسے’ چائے پر چغلی‘ مہم سے تعبیرکیا اور کہا کہ دراصل یہ چائے کے نام پر دوسرو ں کی چغل خوری ہے۔ مسٹر نتیش کمار نے اپنے گجراتی ہم منصب کے خلاف یہ ریمارک سماجی رابطہ کی ویب سائٹ فیس بُک پر کیا ہے۔ چیف منسٹر نتیش کمار جن کی نریندر مودی کے ساتھ کھلے عام مخاصمت نظر آتی ہے نے آج کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ صرف ہوا بازی کرتے ہیں اور چائے کی دکان پر کھسر پھسر کرنے والے لوگ ہیں۔ مسٹر کمار جو جنتا دل( یو ) کے سربراہ بھی ہیں بی جے پی پر نریندر مودی کے غلبہ کے بعد سخت ناراض ہیں اور بی جے پی کی طرف سے انہیں وزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار بنائے جانے کے بعد بی جے پی کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کرتے ہوئے بہار میں تنہا برسراقتدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ریاست بہار میں پروگرام کا آغاز کررہے ہیں جس کا نام ’ کام کی چرچہ‘ ( کام کی بات ) ہے۔

جس میں لوگ بہار میں حکومت کی جانب سے انجام دیئے جانے والی ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ بہار کی تیز رفتار ترقی کا حالیہ عرصہ میں تذکرہ کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کے مطابق ریاست بہار نے اپنے ترقیاتی کاموں کی بدولت دنیا بھر کی سرکردہ شخصیات کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے جس میں قابل ذکر دلائی لاما، بل گیٹس اوربرطانیہ ، یوروپی ممالک سے تعلق رکھنے والے دیگر شخصیات شامل ہیں۔دریں اثناء بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن نند کشور یادو نے چیف منسٹر نتیش کمار کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے ان کی مایوسی جھلکتی ہے اور یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مسٹر نتیش کمار مودی فوبیا سے متاثر ہوگئے ہیں۔