مودی کیخلاف مضحکہ خیز کتاب ’پھیکو جی دہلی میں‘ پر امتناع سے انکار

احمد آباد۔29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے آج ایک گجراتی کتاب کی فروخت پر پابندی سے انکار کردیا۔ کتاب کے مصنف جیش شاہ جو کہ ایک کانگریسی لیڈر ہیں، وزیراعظم نریندر مودی کا مضحکہ اڑایا ہے۔ سیول کورٹ کے جج مسٹر اے ایم رائو نے دستور کے دفعہ 19 کا حوالہ دیتے ہوئے مقدمہ کو خارج کردیا ہے۔ درخواست گزار نے اس کتاب پر پابندی عائد کرنے کی گزاش کی تھی جس کا ٹائٹل ’’پھیکو جی اب دہلی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ تحدیدات سے آزادی رائے کا بنیادی حق پامال ہوتا ہے۔ مذکورہ کتاب میں عام انتخابات 2014 ء کے موقع پر مودی کے وعدوں کی فہرست گنوائی گئی ہے اور یہ دعوی کیا گیا ہے کہ ان وعدوں کی تکمیل میں وہ ناکام رہے۔ ایک سماجی کارکن نرسنگ سولنکی نے ایک مقدمہ دائر کرتے ہوئے کتاب پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے اور یہ استدلال پیش کیا ہے کہ کتاب میں وزیراعظم نریندر مودی کی نہ صرف ہذیاں گوئی کی گئی ہے بلکہ انہیں رسوا بھی کیا گیا ہے۔ سولنکی نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ کتاب کے مواد اور ٹائٹل سے ہتک عزت اور وزیراعظم کی شبیہ خراب ہوسکتی ہے۔