مودی کو ویزا سے امریکی انکار’’ناپختہ سفارت کاری‘‘ : بی جے پی

نئی دہلی 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے نریندر مودی کو ویزا دینے سے انکار پر امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اِس سے امریکہ کی ’’ناپختہ سفارت کاری‘‘ کا ثبوت ملتا ہے۔ ایک دن قبل ہی گجرات کی ایک عدالت نے نریندر مودی کو 2002 ء کے گجرات فسادات میں بے قصور قرار دیا تھا۔ نریندر مودی نے اپنے بیان میں کہاکہ اِس فیصلہ پر وہ اپنے آپ کو نجات یافتہ اور پُرسکون محسوس کررہے ہیں۔ تاہم اُنھوں نے اِس مسئلہ پر اخباری نمائندوں سے مباحثہ سے گریز کیا۔ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو انسانی بنیادوں پر امریکہ ویزا دینے سے ماضی میں کئی بار انکار کرچکا ہے۔

جسٹس گنگولی نے پوری عدلیہ کی
توہین کی : مدن مترا
کولکتہ ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی وزیرٹرانسپورٹ مدن مترا نے آج کہا کہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج اشوک گنگولی نے جو ایک لا انٹرن کی جنسی ہراسانی کے ملزم ہیں، پوری عدلیہ کی توہین کے مرتکب ہیں اور انہیں اب تک اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجانا چاہئے تھا۔ مغربی بنگال قومی یونیورسٹی برائے عدالتی سائنسیس نے کہا کہ وہ اعزازی پروفیسر ریٹائرڈ جسٹس اے کے گنگولی سے ترک تعلق کا اعلان کرتی ہے۔ مدن مترا نے کہا کہ انہیں عرصہ قبل گنگولی سے ترک تعلق کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ آخر وہ یونیورسٹی میں کیا تعلیم دیں گے۔ سپریم کورٹ ججس کی 3 رکنی کمیٹی نے انٹرن کے الزامات پر گنگولی کی سرزنش کی ہے۔ انہیں مغربی بنگال انسانی حقوق کمیشن کی صدرنشینی سے برطرف کرنے کیلئے بھی مطالبے کئے جارہے ہیں۔