مودی کو شکست دینا کانگریس ۔ جے ڈی ایس کا مقصد

دونوں جماعتوں کے قائدین کو متحدہ جدوجہد کا مشورہ ۔ راہول گاندھی کا بنگلورو میں خطاب
بنگلورو 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں برسر اقتدار اتحاد میں مسائل کے دوران کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج پارٹی قائدین اور ورکرس کے علاوہ جے ڈی ایس سے بھی کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں اتحاد کی کامیابی کو یقینی بنانے متحدہ طور پر جدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی کو شکست دینا اس اتحاد کا اصل مقصد ہے ۔ راہول گاندھی نے اتحاد کی اپیل ایسے وقت میں کی ہے جبکہ کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد میں اختلافات اور ناراضگیاں ظاہر ہونے لگی ہیں اور یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ اتحاد کے باوجود ان کے انتخابی امکانات متاثر ہوسکتے ہیں۔ کانگریس اور جے ڈی ایس ‘ ریاست میں متحدہ انتخابی مقابلہ کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے بنگلورو کے مضافات میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابتداء ہی میں کہنا چاہتے ہیںکہ کانگریس کے تمام ورکرس اور قائدین کو چاہئے کہ وہ جے ڈی ایس امیدواروں کی پوری مدد کریں اور جے ڈی ایس ورکرس کو چاہئے کہ وہ بھی کانگریس امیدواروں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی جماعتوں کا مقصد نریندر مودی اور بی جے پی کو شکست دینا ہے ۔ اس ریلی میں جے ڈی ایس کے رہنما ایچ ڈی دیوے گوڑا ‘ چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی ‘

ریاستی کانگریس قائدین بشمول ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشورا اور سادرامیا بھی شریک تھے ۔ راہول گاندھی نے کانگریس اور جے ڈی ایس ورکرس سے آظہار تشکر کیا جو مودی اور بی جے پی کو شکست دینے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں ہم نے اتحادی حکومت قائم کی ہے اور دہلی میں بھی ہم نریندر مودی کو شکست دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر جے ڈی ایس کارکنوں سے کانگریس کی مدد کرنے اور کانگریس کارکنوں سے جے ڈی ایس کی مدد کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ ایک دوسرے سے اتحاد میں کام کریں۔ کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد کو کچھ حلقوں میں اختلافات کا سامنا ہے جہاں دونوں جماعتوں کے قائدین ایک دوسرے سے ناراض ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ انہیں ٹمکور ‘ ما۔ڈیا اور ہاسن حلقوں میں ناراضگی کا سامنا ہے ۔ ٹمکور سے دیوے گوڑا مقابلہ کر رہے ہیں جبکہ ان کے پوتے پراجول ریونا ہاسن سے اور نکھل کمارا سوامی ہاسن سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ نکھل چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کے فرزند ہیں۔ راہول گاندھی نے ایڈورپا ڈائری کا تذکرہ کیا جس میں بی جے پی مرکزی قائدین سینکڑوں کروڑ روپئے رشوت کے الزامات عائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈورپا نے 1800 کروڑ روپئے تقسیم کئے ہیں اور یہ بتانا چاہئے کہ یہ رقم آئی کہاں سے ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم کرناٹک کے عوام کی جیبوں سے ہی نکالی گئی ہے ۔