مودی کو بے نقاب کرنے یوتھ کانگریس کا مجوزہ احتجاج

نئی دہلی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے ترقی سے متعلق دعوؤں کو بے نقاب کرنے کیلئے یوتھ کانگریس 16 جنوری سے سارے گجرات میں 800 کیلو میٹر طویل وکاس شدھ یاترا کا اہتمام کرے گی۔ انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر راجیو ستو نے بتایا کہ بی جے پی کے کرپشن سے متعلق دوہرے معیار اور وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے گجرات کی ترقی کے بارے میں بلندبانگ دعوؤں کو بے نقاب کرنے کیلئے کانگریس کی یوتھ ونگ نے کئی پروگرامس کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل یوتھ کانگریس کارکنوں نے صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ کی رہائش گاہ کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس نے ان احتجاجی مظاہرین پر طاقت کا بے جا استعمال کیا جس کی وجہ سے 18 کارکن زخمی ہوگئے اور ان میں ایک کی سرجری بھی کی گئی۔ انہوں نے نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر گجرات کرپشن کے بارے میں بہت کچھ کہتے ہیں لیکن انہوں نے خود اپنی ریاست میں کابینی رفیق بابو بھائی بوکھریا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے جنہیں مجرم قرار دیا گیا ہے۔ وہ اخلاقیات کی بات کرتے ہیں لیکن جاسوسی میں ملوث رہے۔