مودی کو اب جابس اور 15 لاکھ کی بات زبان پر نہ لانے کا مشورہ

وزیراعظم لفظ ’چوکیدار‘ سے بھی خائف ۔ بعض انتخابی تقاریر میں ٹیلی پرومپٹر کے استعمال پر راہول گاندھی کا دعویٰـ
ریوا (ایم پی)، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے ٹیلی پرومپٹرز انھیں کہتے ہیں کہ نوکریوں اور ہر ہندوستانی کے بینک کھاتہ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرانے کے غیرتکمیل شدہ انتخابی وعدوں کے تعلق سے لب کشائی سے گریز کریں، صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج یہ بات کہی۔ یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے یہ بھی کہا کہ مودی اب لفظ ’چوکیدار‘ کہنے سے خائف ہیں کیونکہ انھیں معلوم ہے کہ اس کے بعد کیا ہوگا۔ ’’آپ نے مودی کی تقریر سنی ہوگی۔ وہ (اپنے) 56 انچ والے سینہ کی بات کیا کرتے تھے۔ اب کیا ہورہا ہے؟ یہ واضح طور پر ٹیلی پرومپٹرز پر تحریر ہے کہ مودی جی، (2014ء کے انتخابی وعدہ) روزگار (پیدا کرنے) اور (ہر ہندوستانی کو) 15 لاکھ روپئے دینے کی بات غلطی سے بھی نہ کہیں، ورنہ اس سے (پارٹی کے امکانات کو) نقصان ہوسکتا ہے۔ teleprompter ایسا ڈسپلے ڈیوائس ہوتا ہے جو کوئی تقریر یا اسکرپٹ کے الیکٹرانی بصری متن کے ذریعے مقرر کی مدد کرتا ہے۔ مودی ویسے تو سیاسی جلسوں میں فی البدیہہ بولنے کیلئے جانے جاتے ہیں لیکن بعض انتخابی ریلیوں میں ٹیلی پرومپٹرز استعمال کرتے دیکھے گئے ہیں۔ یہ مشینیں ٹیلی ویژن فریم میں دکھائی نہیں دیتی ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس والوں نے غریبوں کو (نیائے اسکیم کے تحت ، پانچ سال میں) 3.60 لاکھ روپئے دینے کا وعدہ کیا ہے ۔

اس لئے مودی اب ہچکچاہٹ کے ساتھ بول رہے ہیں۔ وزیراعظم امیروں کے ’چوکیدار‘ بن گئے اور انھیں عوام کی رقم دے دی۔ وہ (صنعت کاروں) اڈانی، امبانی، للت مودی، نیروو مودی کے چوکیدار بن چکے ہیں۔ دوسری طرف ملک نے ان سے کسانوں، مزدوروں، چھوٹے دکانداروں اور سماج کے کمزور طبقات کے ’چوکیدار‘ بننے کی توقع کی تھی۔ راہول نے بتایا: ’’الیکشن کمیشن نے مجھ سے کہا کہ لفظ ’چوکیدار‘ نہ کہوں۔ کیونکہ جب کبھی آپ ’چوکیدار‘ کہتے ہو‘ لوگ ’چور ہے‘ کے ساتھ جواب دیتے ہیں۔ کیا یہ واقعی میری غلطی ہے؟ میں بس لفظ چوکیدار بولتا ہوں۔ اب تو خود مودی لفظ چوکیدار نہیں کہتے ہیں حتی کہ اپنے پارٹی اجلاسوں میں سے گریز کرتے ہیں، کیونکہ اگر وہ اس لفظ کا غلطی سے بھی استعمال کرلیں تو بی جے پی والے بھی (وہی) جواب دے سکتے ہیں۔ مودی نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو دو کروڑ جابس کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیا۔ اپنے دعوے کے برخلاف ہر 24 گھنٹے میں 27,000 افراد جاب سے محروم ہورہے ہیں۔ ہندوستان میں بیروزگاری گزشتہ 45 برس میں اعظم ترین شرح پر ہے۔کانگریس، اقتدار ملنے پر 22 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں اندرون ایک سال دے گی اور 10 لاکھ دیگر دیہی پنچایتوں میں نوکریاں حاصل کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کانگریس حکومت کے ابتدائی تین سال میں کوئی بزنس شروع کرنے کیلئے اجازت ناموں کی ضرورت نہ ہوگی۔