مودی کب کیا کر بیٹھے کوئی نہیں جانتا ؟

وزیراعظم کے تعلق سے سینئر سیاستدان و صدر این سی پی شرد پوار کو اندیشہ
ممبئی۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر این سی پی شرد پوار نے کہا کہ انہیں سخت اندیشہ ہے کہ نریندر مودی جنہوں نے انہیں سیاست میں اپنا ’’اتالیق‘‘ کہا تھا، آئندہ کچھ کر نہ بیٹھے۔ شرد پوار بارہ متی میں ڈاؤنڈ کے مقام پر اپنی دختر سپریہ سولے کے لوک سبھا حلقہ کی انتخابی ریالی کو مخاطب کررہے تھے۔ سابق مرکزی وزیر شرد پوار نے بیان کیا: ’’مودی، سیاست میں میری اُنگلی پکڑ کر داخل ہوئے مگر سیاست میں اب مَیں بہت ہی ڈرا ہوا ہوں۔ اس لئے کہ کوئی نہیں جانتا کہ یہ آدمی کب کیا کربیٹھے؟‘‘ شرد پوار نے یو پی اے حکومت کے سینئر وزیر کی حیثیت سے ہمیشہ مودی کی مدد کی تھی جب وہ گجرات سے تعلق رکھنے والے مسائل لے کر مرکز سے رجوع ہوا کرتے تھے۔ یہ بات خود مودی نے کہی تھی۔ لوک سبھا الیکشن کے اعلان سے قبل صدر بی جے پی امیت شاہ نے عہد کیا تھا کہ وہ بارہ متی کی سیٹ این سی پی سے چھین لیں گے۔ شرد پوار نے کہا کہ مودی نے مہاراشٹرا میں سات جلسوں کو مخاطب کیا اور ان تمام جلسوں کا موضوع شرد پوار رہے۔ یہ بات انہوں نے مودی کے ہر جلسے میں شرد پوار پر نکتہ چینی کے جواب میں کہی۔ شرد پوار نے کہا کہ انہوں نے کبھی زراعت کے موضوع پر سیاست نہیں کی لیکن بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے نیشکر کیلئے کوئی مثالی صنعتی ادارہ قائم نہیں کیا۔