مودی کا اعلان، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی

الیکشن کمیشن نے اس کی اجازت کیسے دی: سی پی آئی ایم
نئی دہلی۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سی پی ایم نے آج الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کوکیسے ایسے سیاسی طور پر اہم وقت میں ہندوستانی سائنسدانوں کے کارناموں کی کامیابی کا سہرا اپنے سر باندھنے کی اجازت دی گئی۔ اپنے مکتوب میں سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے سائنسدانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ا نہوں نے ایک مخالف مصنوعی سیارہ ہتھیار اے ساٹ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہندوستان نے ایسی صلاحیت رکھنے والا مصنوعی سیارہ تیار کیا ہے جو ڈی آر ڈی او کا 2019ء کا کارنامہ ہے۔ یہ اعلان آخر اس اہم وقت کرنے کی الیکشن کمیشن نے کیسے اجازت دی جبکہ یہ اعلان قوم کے آگے اس وقت کرتے ہوئے وزیراعظم مودی سیاسی اور انتخابی فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم جاری رہنے کے دوران وزیراعظم کو ایسا اعلان کرنے کی الیکشن کمیشن نے کیسے اجازت دی کیوں کہ یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔