مودی پر وزیراعظم کے نقطہ نظر سے بدھادیب متفق

کولکتہ ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بحیثیت وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں وزیراعظم منموہن سنگھ کے نقطہ نظر سے اتفاق کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر مغربی بنگال بدھادیب بھٹاچارجی نے آج الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس اور کارپوریٹ گھرانے ان کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ ہمیں نریندر مودی نامی ایک ’’عفریت‘‘ پیشرفت کرتا نظر آرہا ہے۔ ہندوستان میں ایسے واقعہ کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، جس میں آر ایس ایس اور بڑے کارپوریٹ گھرانوں میں متحد ہوکر کسی کی راہ ہموار کی ہو لیکن مودی کے سلسلہ میں ایسا ہی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نہ صرف ایک مخصوص فرقہ بلکہ پورے ملک کیلئے ایک خطرہ ہیں۔ اگر وہ وزیراعظم بن جائیں تو تباہ کن ثابت ہوں گے۔ برسراقتدار ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ گٹھ جوڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں کسی بھی صورتحال میں ہم نے بی جے پی یا آر ایس ایس کا ساتھ نہیں دیا تھا لیکن ترنمول کانگریس ان کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہتی۔ اسے ابھی اپنا موقف واضح کرنا ہے۔ یہ موقع پرست سیاست ہے۔

ہم بی جے پی ۔ ترنمول گٹھ جوڑ کو بنگال میں داخل ہونے اور راجہ رام موہن رائے اور رابندر ناتھ ٹیگور کی توہین کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی این ایس اور ورلڈ بینک نے کئی ممالک تباہ کئے ہیں۔ ہمارا ملک بھی نوفراخ دل پالیسیوں کی سمت پیشرفت کررہا ہے۔ منموہن سنگھ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے آگے کچھ بھی نہیں دیکھ سکتے۔ یہی وجہ ہیکہ اس ملک کے عوام نے انہیں تنہا چھوڑ دیا ہے۔ وہ آہستہ آہستہ گوشہ گمنامی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ترنمول کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ ایک پرتشدد پارٹی ہے۔ بنگال میں ایسی پرتشدد پارٹی کبھی نہیں دیکھی گئی۔ مغربی بنگال میں روزانہ خواتین پر مظالم میں اضافہ ہورہا ہے۔ ریاستی حکومت نے معاملات غنڈوں کے ہاتھ میں دے دیئے ہیں جو آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پولیس کا فرض تھاکہ متاثرہ لڑکی کی حفاظت کرتے۔