مودی و ملائم میں کوئی فرق نہیں ۔ایک ہٹلر دوسرا مسولینی

نئی دہلی 26 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر بینی پرساد ورما نے آج مطالبہ کیا کہ سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو مظفر نگر و شاملی کے ریلیف کیمپس میں مقیم افراد کے تعلق سے اپنے ریمارکس پر معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے ملائم سنگھ کا تقابل اطالوی ڈکٹیٹر مسولینی سے کیا ۔ ملائم سنگھ یادو پر مسلسل تنقیدوں کیلئے جانے جانے والے بینی پرساد ورما نے الزام عائد کیا کہ جب کبھی اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی نے حکومت تشکیل دی ہے وہاںغنڈہ گردی بڑھ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملائم کو اپنے ریمارکس پر شرم آنی چاہئے ۔ سماجوادی پارٹی یوپی میں جو حکومت چلا رہی ہے وہ مسلمانوں کی تائید سے بنی ہے ۔ انہیں کیمپس میں مقیم مسلمانوں سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ بینی پرساد ورما نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ملائم سنگھ یادو اب بی جے پی سے قربتیں بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے ابتداء میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بی جے پی سے معاہدہ کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور ملائم سنگھ یادو میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ ایک ہٹلر ہے تو دوسرا مسولینی ہے ۔ انہوں نے سماجوادی سربراہ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے نہ صرف بابری مسجد کی شہادت کی سازش کی تھی

بلکہ گجرات میں 2002 کے انتخابات میں مسلم آبادی والے حلقوں میں اپنے امیدوار نامزد کرتے ہوئے نریندر مودی کی کامیابی کی راہ ہموار کی تھی ۔ ریلیف کیمپوں کو راہول گاندھی کے اچانک دورہ کے بعد ملائم سنگھ یادو نے ادعا کیا تھا کہ ریلیف کیمپس میں کوئی متاثرین نہیں ہیں ۔ ایک بھی شخص فساد متاثرہ نہیں ہے ۔ یہ سب لوگ سازشی ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس نے سازش رچی ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ وہاں رات میں قیام کریں اور دن میں احتجاج کریں۔ یہ وہاں رہنے والے عوام کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپس میں معصوم بچے روزآنہ مر رہے ہیں اور ملائم سنگھ یادو بیرونی ممالک کے ڈانسرس کو طلب کرکے پروگرامس منعقد کر رہے ہیں۔

انہوں نے فوری طور پر سیفائی مہوتسو ملتوی کرنا چاہئے ۔ وہ بچوں کی اموات کا تماشہ بنا رہے ہیں۔ ان بچوں کی آہ ان کا خاتمہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اب چونکہ لوک پال بل منظور ہوچکا ہے اور ملائم سنگھ یادو کئی کرپشن معاملات میں ملوث ہیں اس لئے انہیں ایک نہ ایک دن جیل جانا پڑے گا ۔ سماجوادی پارٹی نے لوک سبھا میں لوک پال بل کی مخالفت کی تھی ۔ بینی پرساد ورما نے اس یقین کا اظہارکیا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد راہول گاندھی ملک کے وزیر اعظم بن جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 17 جنوری کو کل ہند کانگریس کا جو اجلاس ہونے والا ہے اس میں راہول کو کانگریس کا وزارت عظمی امیدوار نامزد کردیا جائے گا ۔ بینی پرساد ورما ایک وقت ملائم سنگھ یادو کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے تاہم بعد میں ان میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔