مودی وزیراعظم بن جائیں تو ویزا امتناع ازخود برخواست

واشنگٹن ۔ 31 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی اگر وزیراعظم بن جائیں تو اُن پر 9سال سے جاری امریکی ویزا پر امتناع ازخود برخواست ہوجائے گا اور انھیں سفارتی مدافعت بھی حاصل ہوجائیگی۔ امریکی کانگریس کی ایک رپورٹ کے مطابق مودی کو وزارت عظمیٰ امیدوار کی دوڑ میں آگے تصور کیا جارہا ہے ۔ 2005ء میں امریکہ نے گجرات فسادات کے پس منظر میں مودی کو ویزا دینے سے انکار کیا تھااور اب تک اس فیصلے کو تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔ کانگریس ریسرچ سرویس نے امریکی قانون سازوں کو پیش کردہ 7 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں کہا کہ نریندر مودی وزیراعظم بننے پر سفارتی ویزا کیلئے اہل ہوں گے خواہ اُن کے دورہ کا مقصد کچھ بھی ہو۔ یہ رپورٹ 18 مارچ کو پیش کی گئی اور 31 مارچ کو منظرعام پر لایا گیا۔ اس میں نریندر مودی کو عدالتوں اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعہ دی گئی کلین چٹ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔