مودی نے ممتا کے فون پر دو مرتبہ ربط کیا تھا

سرکاری عہدیدار کی وضاحت

نئی دہلی ۔ /5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ہفتہ کو مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی سے طوفان فانی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے رابطہ کی کوشش کی لیکن ان کے فون کال کا جواب نہ ملنے کے سبب بات چیت نہیں ہوسکی ۔ وزیراعظم نے بعد ازاں گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی سے بات چیت کی ۔ اس عہدیدار نے کہا کہ ’وزیراعظم کے اسٹاف نے مودی کا فون ممتابنرجی کے فون سے مربوط کرنے کی دو مرتبہ کوشش کی تھی لیکن دونوں مرتبہ انہیں بتایا گیا کہ دوبارہ کال کیا جائے گا ۔ ایک مرتبہ کہا گیا تھا کہ چیف منسٹر دورہ پر ہیں ۔ ممتا بنرجی نے طوفان کی صورتحال پر ان سے بات چیت نہ کرنے پر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔ وزیراعظم نے گورنر سے اپنی بات چیت کے بارے میں ٹوئیٹ کیا تھا ۔طوفان فانی کے اڈیشہ ساحل سے ٹکرانے کے بعد مغربی بنگال میں سخت چوکسی اختیار کی گئی تھی ۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی کی راست نگرانی میں عوام کی راحت کے لئے احتیاطی تدابیرکئے گئے تھے ۔