مودی نے تمام ہندوستانیوں کو چوکیدار بنادیا

صدر کانگریس راہول گاندھی کا کرناٹک میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران الزام

کلبرگی (کرناٹک) 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم سے ’’میں بھی چوکیدار‘‘ مہم کے پیش نظر صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ نریندر مودی نے پورے ملک کو ’’چوکیداروں‘‘ میں تبدیل کردیا ہے اور اب وہ پھنس گئے ہیں۔ راہول گاندھی نے جو مبینہ طور پر بار بار ’’چوکیدار چور ہے‘‘ کا طنز مودی پر کررہے تھے تاکہ اُن کی بے قاعدگیوں اور رافیل لڑاکا جیٹ طیارے کے سودے میں ظاہر کردہ اقرباء پروری اور اپنے پسندیدہ افراد کو نوازنا کی مذمت کی جاسکے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ وزیراعظم نے یہ کبھی نہیں کہاکہ پورا ملک ’’چوکیدار‘‘ ہے۔ اُنھوں نے شمالی کرناٹک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی نے عوام سے کہا ہے کہ وہ بھی ’’چوکیدار‘‘ ہیں، وزیراعظم نہیں لیکن اب پورا ملک چوکیداروں سے بھر گیا ہے۔ کس کی چوکیداری کے نتیجہ میں یہ گُل کھلا ہے۔ صدر کانگریس نے سوال کیاکہ وزیراعظم مودی نے نہ صرف انیل امبانی، میہول چوکسی اور نیروو مودی کی مدد کی بلکہ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی اور حکومت اپنے پرتکبر انداز میں اِس کی تردید کررہے ہیں۔ مودی نے ہفتے کے دن اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ ’’میں بھی چوکیدار ہوں‘‘ کا عہد کریں اور جعلسازی و سماجی برائیوں کے خلاف جدوجہد کریں۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ وہ جعلسازی اور سماجی برائیوں کے خلاف جنگ میں اکیلے نہیں۔ وزیراعظم نے اکثر خود کو چوکیدار ظاہر کیا ہے جو نہ تو خود کرپشن کرے گا اور نہ اس کی اجازت دے گا۔ مودی اور دیگر بی جے پی قائدین بشمول پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ نے چوکیدار کے الفاظ اپنے ناموں کے ساتھ اپنے ٹوئٹر پیغامات میں جوڑ دیئے ہیں اور عام انتخابات میں تائید کی اپیل کررہے ہیں۔