مودی صرف امبانی اور نیروو مودی کی سنتے ہیں: راہول

تھریسور (کیرالا) 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو کاشتکاروں، ماہی گیروں اور چھوٹے تاجروں کی آوازیں اَن سنی کردینے پر تنقید کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہاکہ این ڈی اے حکومت صرف بڑے صنعت کاروں جیسے انیل امبانی اور نیروو مودی کی آوازیں سنتی ہے۔ وہ قومی ماہی گیر پارلیمنٹ میں جس کا اہتمام کل ہند ماہی گیر کانگریس کی جانب سے کیا گیا تھا، حاضرین سے تبادلہ خیال کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ سب سے اہم بات عوام کی آواز سننا ہے۔ آج کی حکومت انیل امبانی یا نیروو مودی کی آوازیں ہی سنتی ہے۔ وہ جو کچھ کہنا چاہتے ہیں وزیراعظم ویسا ہی 10 سیکنڈ میں کردیتے ہیں، اُن کو چیخنے چلّانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ وہ سرگوشی میں بھی اپنا پیغام وزیراعظم تک پہونچاسکتے ہیں۔ ماہی گیر اور چھوٹے تاجر ایسا نہیں کرسکتے۔ اُنھیں زور زور سے چلّانا پڑتا ہے تب کہیں جاکر اُن کی بات سنی جاتی ہے۔صدر کانگریس کافی عرصہ سے غریب طبقات اور نوجوانوں کی بے روزگاری پر مودی حکومت کو نشانہ بناتے رہے ہیں کہ وہ اِن مستحق طبقات کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف امیروں کی خدمت میں مصروف ہے۔