مودی سمیت کئی وزیر ٹویٹر پر بنے ‘چوکیدار‘

نئی دہلی، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات میں ‘چوکیدار’ پر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اپوزیشن پارٹیوں کی بیان بازی کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی کابینہ کے کئی ارکان نے ٹوئٹر پر اپنے ناموں کے آگے ‘چوکیدار‘ لگا لیا ہے ۔ مودی نے ٹوئٹر اپنے ذاتی اکاؤنٹ ‘ایٹ نریندرمودی’ میں اپنا نام ‘نریندر مودی’ سے بدل کر ‘چوکیدار نریندر مودی’ کر لیا ہے ۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے بھی اپنا نام ‘چوکیدار امت شاہ’ کر لیا ہے ۔مرکزی وزراء میں ریلوے کے وزیر پیوش گوئل، وزیر صحت جے پی نڈا، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر ھرش ورددھن اور شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت جینت سنہا نے ٹوئٹر پر اپنے ناموں کے آگے ‘چوکیدار’ لفظ شامل کر لیا ہے ۔ چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر رمن سنگھ اور بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ انل جین بھی اس مہم میں شامل ہو گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کافی دنوں سے وزیر اعظم مودی پر بدعنوانی کا ساتھ دینے کا الزام لگاتے ہوئے اپوزیشن کانگریس ‘چوکیدار چور ہے ’ کی بات دہرا رہی ہے ۔ اس کے جواب میں ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کر کے کہا تھا‘‘ آپ کا چوکیدار مضبوطی سے کھڑا ہے اور ملک کی خدمت کر رہا ہے . لیکن میں اکیلا نہیں ہوں. ہر شخص جو بدعنوانی، گندگی اور سماجی برائیوں سے لڑ رہا ہے ، چوکیدار ہے . ہندوستان کی ترقی کے لئے محنت کرنے والا ہر شخص چوکیدار ہے ۔ آج ہر ہندوستانی کہہ رہا ہے – میں بھی چوکیدار‘‘۔