مودی روزگار دینے میں ناکام ‘ رافیل معاملت میں کرپشن

کانگریس کی نیائے اسکیم سے معیشت کو استحکام ملے گا ۔ راجستھان میں راہول گاندھی کے جلسے
جئے پور / دھولپور / چورو 29 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج راجستھان میں مختلف مقامات پر انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا جبکہ یہاں 13 حلقوں کیلئے ووٹ بھی ڈالے جا رہے تھے ۔ راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو روزگار اور رافیل معاملت میںکرپشن کے الزامات کے ساتھ نشانہ بنایا ۔ انہوں نے جئے پور حلقہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رافیل معاملت پر تحقیقات ہونگی ۔ دو نام سامنے آئیں گے ۔ ایک انیل امبانی اور دوسرا نریندر مودی کا ہوگا ۔ انہوں نے چورو اور دھولپور میں بھی خطاب کیا ۔ یہاں آئندہ مرحلے میں 6 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ملک کے غریب عوام کو اقل ترین سالانہ آمدنی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اسکیم سے معیشت کو استحکام حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں جھوٹ بولنے نہیں آئے ہیں۔ کانگریس کی نیائے اسکیم سے معیشت متحرک ہوجائے گی ۔ اس سے ہندوستانی معیشت کو ایندھن حاصل ہوگا ۔ کانگریس حکومت 3.60 لاکھ کروڑ روپئے پانچ سال کے دوران پانچ کروڑ خواتین کے بینک کھاتوں میں جمع کروائیگی ۔ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا کہ اگر اسے اقتدار مل جاتا ہے تو ملک کے غریب خاندانوں کو سالانہ 72 ہزار روپئے کی امداد کو یقینی بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کیلئے رقم میہول چوکسی ‘ نیرو مودی اور انیل امبانی جیسے چور تاجروں کی جیب سے آئیگی ۔ انہو ںنے مودی سے کہا کہ وہ اپنے دوستوں کو بچانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کسان اپنا قرض واپس کرنے میں ناکام ہوتا ہے تو اسے جیل نہیں بھیجا جائیگا ۔ چورو میں جب راہول گاندھی خطاب کر رہے تھے کچھ نوجوان مخصوص ٹی شرٹس ذیب تن کئے تھے ۔ ہر شرٹ پر ایک لفظ تھا اور تمام نوجوانوں کے الفاظ ملا کر راہول گاندھی کا نعرہ درج تھا ’’ چوکیدار چور ہے ‘‘ ۔ راہول نے کہا کہ وزیر اعظم نے سابقہ انتخابات کا کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا ۔ دو کروڑ روزگار کا وعدہ کیا تھا لیکن کسی کو روزگار نہیں ملا ۔