مودی دور حکومت تباہ کن، یو پی اے III متبادل: چدمبرم

نئی دہلی 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے مودی کے پانچ سالہ دور حکومت کو مکمل تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ بی جے پی کی حکومت نہیں بن پائے گی اور اُس کی جگہ یو پی اے III حکومت تشکیل پائے گی۔ سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ بی جے پی کی جنوبی اور مغربی ہندوستان میں عوام کو منقسم کرنے کی مہم کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے اور اس کے اثرات شمال اور مشرق میں بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ اور ہم قطعی بات کہہ سکتے ہیں کہ آئندہ حکومت بی جے پی کی نہیں بلکہ غیر بی جے پی کی ہوگی اور یقینا کانگریس نئی حکومت کی تشکیل میں اہم رول ادا کرے گی اور اُن کی نظر میں مابعد انتخابات یو پی اے III کے حکومت تشکیل دینے کے بہت زیادہ امکانات پائے جاتے ہیں۔ معاشی محاذ پر ناکامی کا تجزیہ کرتے ہوئے چدمبرم نے کہاکہ معاشی پیداوار بہت سی سست ہوگئی اور گزشتہ 45 سالوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری پائی جاتی ہے اور ان کے پاس سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکنامک کے اعداد و شمار موجود ہیں جو بہت ہی مایوس کن ہیں جس میں بے روزگاری کا فیصد 8.4 دکھایا گیا ہے۔