مودی حکومت نے سرحدوں کو محفوظ بنا دیا : امیت شاہ

امرتسر ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے سرحدی سیکوریٹی کے مسئلہ پر پیشرو یو پی اے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’گاندھی پریوار‘‘ دورحکومت میں کوئی بھی ملک کی سرحدوں کی توہین کرسکتا تھا لیکن نریندر مودی حکومت نے سرحدوں کو محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سرحدوں کی حفاظت کی۔ ایک وقت وہ بھی تھا  جب یو پی اے حکومت یہاں 10 سال اقتدار پر رہی اور کوئی بھی اپنی مرضی سے ملک کی سرحدات کی توہین کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کے گذشتہ ڈھائی سال کے دوران حالات بدل گئے ہیں۔ ساری دنیا جان چکی ہیکہ کوئی بھی ہندوستان کے علاقوں پر بری نظر نہیں ڈال سکتا۔ اگر کوئی ایسا کرے تو اے مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے 2014ء میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے اقتدارپر آنے کے بعد مختلف کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔