مودی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام

سنگاریڈی 27 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی وی راگھولو ریاستی سکریٹری سی پی ایم نے سنگاریڈی میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نریندر مودی وزیر اعلی گجرات کو وزیر اعظم کے عہدے پر فائز کرنے کیلئے جھوٹی تعریفیں کررہی ہے ۔ ریاست گجرات میں عوامی مسائل کا انبار لگ چکا ہے ۔ عوامی مسائل کی یکسوئی میں نریندر مودی ناکام ہیں اور گجرات میں صاف صفائی کا انتظام ٹھیک نہ ہونے سے روزانہ عوام کئی امراض میں مبتلا ہوتے ہوئے حکومت پر تنقید کررہے ہیں اور مختلف بیماریوں سے اموات بھی زیادہ ہورہے ہیں ۔گجرات کو ترقی کے معاملے میں سرفہرست بتایا جارہا ہے جبکہ گجرات اس معاملہ میں دسویں نمبر پر ہے ۔

نریندر مودی بحیثیت وزیر اعلی گجرات کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی فیکٹریز کی ترقی پر کوئی توجہ دی بلکہ صرف سرمایہ داروں کے مفادات کے لئے وقف ہوچکے ہیں ملک میں دوبارہ سیکولر اور عوام کے بنیادی مسائل کی یکسوئی کرنے والی سیاسی جماعت ہی ضرور اقتدار میں آئے گی جبکہ فرقہ پرست پارٹیوں کو ضرور ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ریاستی سطح پر بی جے پی اور تلگودیشم کی مفاہمت سے متعلق قائدین میں آپسی اختلافات دونوں سیاسی جماعتوں میں دیکھا جارہا ہے اور یو پی اے دور حکومت میں قیمتوں میں اضافہ سے عوام پر زبردست اضافی بوجھ عائد ہورہے ہیں ۔ یو پی اے حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے غریب عوام چین و سکون سے نہیں ہیں ۔

پٹرولیم اشیاء ،پکوان گیس ،ڈیزل ،کیروسین آئیل ،شکر ،چاول و گیہوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عوام پریشان حال ہیں ۔ ریاستی سطح پر برقی چارجس میں مسلسل اضافہ سے عوام پر کئی ہزار کروڑ کا اضافی مالی بوجھ عائد ہوا ہے ۔ برقی چارجس میں اضافہ سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے ۔ ریاست میں غریب عوام کی فلاح و بہبود کے کام انجام دیئے جائیں ۔ اس موقع پر راملو ضلع سکریٹری ،ملیشم اور دیگر موجود تھے ۔