مودی اور کجریوال میں کوئی فرق نہیں:کانگریس

نئی دہلی 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال اور بی جے پی وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ چیف منسٹر دہلی نے اپنے قومی عزائم کی خاطر کرسی چھوڑی ہے جبکہ گجرات کے لیڈر کو ہنوز چیف منسٹر کی کرسی عزیز ہے۔ ان دونوں کے مزاج اور لالچ میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج دہلی شکیل احمد نے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ کجریوال نے از خود ثابت کردیا ہے کہ انہیں قومی سیاست کی لالچ ہے اور اپنے قومی عزائم کو پورا کرنے کیلئے استعفی دے چکے ہیں جبکہ اس کے برعکس نریندر مودی کو ہنوز چیف منسٹر کرسی عزیز ہے اس لئے دونوں کی باتیں یکساں ہیں۔ ان کا یہ تبصرہ کجریوال کے استعفی کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ جن لوک پال کو منظور نہ کرانے کیلئے کانگریس اور بی جے پی کے درمیاںن گٹھ جوڑ ہے۔ کانگریس قائدین نجی محفلوں میں یہ کہہ رہے ہیں کہ کجریوال کی توجہ لوک سبھا انتخابات پر ہے اور اس لئے وہ عام آدمی پارٹی کے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کیلئے دہلی کی حکومت میں برقرار رہ نہیں سکتے تھے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل جو وعدے کئے گئے تھے ان کو پورا کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ کجریوال کے استعفی سے چند دن قبل شکیل احمد نے ٹوئیٹر پر لکھا تھا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ کانگریس کی تائید کے باوجود عام آدمی پارٹی حکومت اقلیتی میں آجائے گی تو عام آدمی پارٹی کے چند ارکان اسمبلی کی جانب سے باغیانہ سرگرمیاں ہورہی ہیں ۔