مودی اور وزراء کے دوران پر 393 کروڑ روپئے کے مصارف

ممبئی۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حق معلومات کے ایک سوال سے انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی مجلس وزراء کے گزشتہ پانچ سال کے دوران بیرونی اور اندرون ملک دوروں پر 393 کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوتے ہیں۔ ممبئی کے ایک آر ٹی آئی کارکن انیل گلگالی نے اس ضمن میں ایک آر ٹی آئی سوال داخل کرتے ہوئے مئی 2014ء سے تاحال وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی مجلس وزراء کے بیرونی اور اندرون ملک سفر پر ہونے والے مصارف کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ ڈسمبر 2018ء میں مودی حکومت نے بیرونی اداروں پر ہونے والے مصارف کے بارے میں راجیہ سبھا میں مختلف سوالات پر جواب دیا تھا کہ جون 2014ء سے مودی کے بیرونی دوروں کیلئے چارٹرڈ طیاروں کے حصول، ان کی دیکھ بھال اور ہاٹ لائن سہولت پر 2,021 کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوئے ہیں، جہاں تک (مہاراشٹرا) ریاستی وزراء کا تعلق ہے، آر ٹی آئی نے جواب دیا کہ ان کے بیرونی دوروں پر 29 کروڑ اور اندرون ملک دوروں پر 53 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں۔