مودی اور دہلی پولیس کیخلاف عاپ حکومت کے اشتہارات

نئی دہلی 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اروند کجریوال نے دہلی میں 19 سالہ لڑکی کے اندوہناک قتل کے لئے دہلی پولیس اور وزیراعظم نریندر مودی کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے سوشیل میڈیا پر آڈیو کلپس جاری کئے تھے، آج دوسرے دن انھوں نے ریڈیو اور اخبارات میں اشتہار کے ذریعہ عوام تک یہی پیغام پہنچایا۔ حکومت دہلی کی جانب سے قومی دارالحکومت میں تمام بڑے اخبارات اور ایف ایم ریڈیو چیانلس پر اشتہارات جاری کئے گئے۔ حکومت دہلی نے بجٹ میں 526 کروڑ روپئے کی رقم تشہیری مقصد کے لئے مختص کی ہے۔ دو مکتوبات میں جو کل جاری کردہ آڈیو کلپس سے مماثلت رکھتے ہیں، چیف منسٹر نے وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ دارالحکومت کی ابتر لاء اینڈ آرڈر صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ میں کم از کم ایک گھنٹہ کا وقت نکالیں۔ ایک اور مکتوب میں کجریوال نے عوام سے ایک غیر عمومی اپیل کی کہ وہ خاموش تماشائی نہ رہیں بلکہ خاتون کے خلاف تشدد کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہونچانے کیلئے اُٹھ کھڑے ہوں۔ انھوں نے کہاکہ دہلی پولیس اپنے اختیارات کے باوجود پوری طرح غیرجوابدہ ہے۔ کجریوال نے گزشتہ ہفتہ آنند پربات علاقہ میں 19 سالہ لڑکی کے اندوہناک قتل کا حوالہ دیا اور دہلی پولیس کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا جو شہر میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکام رہی۔