مودی، فوجیوں کے خون پر سیاست کررہے ہیں :راہول گاندھی

بھوانی6مئی(سیاست ڈاٹ کام )کانگریس صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی پر الیکشن میں فوج کا نام استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ مسٹر مودی کو ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے ۔آج ملک کی سرحدوں پر فوجی اپنا خون بہارہے ہیں اور مسٹر مودی اس پر سیاست کررہے ہیں۔راہول گاندھی نے یہاں کہا کہ وہ جان دے دیں گے پر فوج کا استعمال سیاست میں نہیں کریں گے ۔انہوں وعدہ کیا کہ ان کی حکومت آنے پر نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو بھی فوج کی طرح شہید کا درجہ دیا جائے گا۔انہوں نے انصاف کے منصوبے سے معیشت کا حساب کتاب بھی لوگوں کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت آنے پر غریب کی جیب میں پیسہ آئے گا۔بند کارخانے شروع ہوں گے ۔وہ بھوانی مہیندرگڑھ لوک سبھا امیدوار ریتو چودھری کی کروڑی مل پارک میں منعقد انتخابی ریالی سے خطاب کررہے تھے ۔ہریانہ انچارج غلام نبی آزاد ،ریتو چودھری نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کہتے تھے کہ آپ انہیں وزیراعظم بناؤ،تو وہ آپ کے چوکیدار بن کر دکھائیں گے لیکن انہوں نے آپ کو چھوڑ کر اڈانی،امبانی اور میہل کی چوکیداری کرنی شروع کردی ۔نوٹوں کی منسوخی اور گبر سنگھ ٹیکس یعنی جی ایس ٹی کی وجہ سے ملک بھر میں کئی صنعتیں بند ہوئی ہیں۔لوگ بے روزگار ہوگئے لیکن مودی حکومت امیروں کی چوکیداری میں مصروف رہی۔