موثرنظم و نسق کیلئے نئے اضلاع کی تشکیل : مہیندر ریڈی

حیدرآباد ۔29 اگست ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل نظم و نسق کو آسان بنانے اور عوام کو بھی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے ہی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے یہ انکشاف کیا ۔ وقارآباد کو ضلعکا درجہ دیئے جانے کی مسرت میں منعقدہ جشن میں حصہ لیتے ہوئے مہیندر ریڈی نے وقارآباد کے عوام کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی تشکیل سے عوام کو اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے طویل سفر کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے اضلاع کا قیام عمل میں لانے کے بعد ان اضلاع میں تمام تر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے موثر نمائندگی کی جائے گی ۔ وقارآباد میں منظم کردہ جشن میں عوام اور سیاسی قائدین کثیر تعداد میں شریک تھے ۔ سنجیوا ریڈی اور سنجیوا راؤ ارکان اسمبلی یادو ریڈی رکن قانون ساز کونسل کے علاوہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین بھی شریک تھے ۔